شیعہ آن لائن: شہر قائد کراچی میں امام بارگاہوں پر حملوں کا ایک اور ملزم گرفتار کیا گیا ہے۔ گلشن حدید سٹیل ٹان میں واقع امام بارگاہ کے قریب سے مشکوک شخص کی نقل و حرکت دیکھ کر علاقہ مکینوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ جس پر پولیس نے کاروائی کرکے مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا۔ پولیس حراست میں مذکورہ شخص نے امام بارگاہوں پر حملوں کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس چیف کراچی غلام قادر تھیبو نے میڈیا کو بتایا ہے کہ گرفتار ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے امام بارگاہ پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، جبکہ ملزم نے موٹر سائیکل میں بارودی مواد نصب کر کے اسے امام بارگاہ کے قریب کھڑا کرنا تھا۔ اس مقصد کیلئے وہ موٹر سائیکل تیار کرچکا تھا۔ غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ پولیس نے عوام کی مدد سے انتہائی اہم ملزم کو گرفتار کیا ہے، جبکہ بم کو بھی ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے ساتھ مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے، اور ایک دن اس سے ضرور نجات حاصل کریں گے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

 
Top