
شیعہ آن لائن: پشاور میں آرمی پبلک سکول پر
دہشتگردوں کے حملے کو ایک ماہ مکمل ہو گیا۔ 16دسمبر 2014ءکو 7 دہشت گردوں نے سکول
پر حملہ کر کے 134سے زائد بچوں سمیت 151 افراد کو شہید کر دیا تھا۔ سانحہ کو ایک
ماہ مکمل ہونے پر پاک فضائیہ کے جے ایف17 تھنڈر طیاروں نے سکول پر نچلی پرواز کر
کے شہداءکو سلامی پیش کی۔ طیاروں نے بم برسٹ اور فلائی پاسٹ پیش کیا۔ علاوہ ازیں
سکول کے باہر شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں جبکہ اس حوالے سے لاہور سمیت ملک
کے دیگر شہروں میں بھی تقریبات منعقد کی گئیں اور شہداءکی یاد میں دیئے روشن کئے
گئے۔ مختلف سکولوں کے طلبہ شہداءسے اظہار یکجہتی کیلئے آرمی پبلک سکول پشاور پہنچ
گئے۔ لاہور میں سانحہ پشاور کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے انجینئرنگ
یونیورسٹی میں تقریب منعقد ہوئی۔ اس دوران اپنے بچوں کی جدائی کے غم سے نڈھال ماﺅں
کی آنکھیں آنسوﺅں میں تر تھیں۔ سانحہ پشاور نے جہاں قوم کو متحد کر دیا ہے وہیں
سیاسی و عسکری قیادت نے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
اسی سانحہ کے نتیجے میں سیاسی و فوجی قیادت نے جہاں دہشت گردوں کو کیفر کردار تک
پہنچانے کےلئے فوجی عدالتیں قائم کیں وہیں 6سال بعد سزائے موت پر عائد پابندی کا
خاتمہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکانے کا فیصلہ بھی ہوا۔ اسلام آباد
میں سول سوسائٹی کے مظاہرے میں شازیہ مری اور عذرا افضل سمیت دیگر ارکان پارلیمنٹ
نے بھی شرکت کی۔ وزیر اطلاعات پرویز رشید نے پارلیمنٹ ہاﺅس کے سامنے مظاہرین سے
خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے۔ پاکستان میں دہشت
گردی ختم کرنے کیلئے کوئی تقسیم نہیں، ہم قائداعظم کا پاکستان واپس لیں گے، دہشت
گردوں کو جائے پناہ نہیں ملے گی۔ دریں اثناءقومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق
سمیت ورلڈ کپ سکواڈ کے 9 کھلاڑی آج آرمی پبلک سکول پشاور جائیں گے اور آرمی پبلک
سکول کے طلبا سے ملاقات کریں گے۔ لاہور سے لیڈی رپورٹر کے مطابق مقررین نے کہا ہے
کہ ہم آرمی پبلک سکول کے شہداءکو بھولے نہیں دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا،
حکومت دہشتگردی کیخلاف ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدرآمد کرے، تعلیمی اداروںکی
سکیورٹی بہتر بنائی جائے۔ فیصل چوک پر شمعیں روشن کرنے کی تقریب میں مسلم لیگ ن
لاہور کے صدر پرویز ملک، سابق وزیر میاں عمران مسعود، پی پی پی کی رہنما جہاںآرا
وٹو، ممتاز قانون دان حنا جیلانی، مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب کی صدر خدیجہ فاروقی،
عبداللہ ملک، سلمان عابد، عرفان مفتی، سعیدہ دیپ، فاروق طارق، لاہورپریس کلب کے
صدر ارشد انصاری، بشریٰ خالق، شاہینہ کوثر سمیت سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی
مختلف تنظیموںکے نمائندگان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ سانحہ پشاور کو ایک ماہ مکمل
ہونے پر پاکستان علماءکونسل کی اپیل پر ملک بھر میں یوم یکجہتی پاکستان منایا گیا۔ پاکستان علماءکونسل اور وفاق المساجد
پاکستان سے متصل 73ہزار سے زائد مساجد میں جمعہ کے اجتماعات میں شہدائے پاکستان
اور ان کے لواحقین اظہار یکجہتی اور دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام
کیلئے قرار دادیں منظور کی گئیں۔ دریں اثناءپاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل
طاہر رفیق بٹ نے آرمی پبلک سکول کے طلباءاور اساتذہ کے حوصلے اور ہمت کو خراج
تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول کے شہداءکی عظیم قربانی کبھی
رائیگاں نہیں جائیگی۔ پاک فضائیہ دشمنوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں بھی کلیدی
کردار ادا کر رہی ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں